کئی ریاستوں میں تلنگانہ کی اسکیمات کو اختیار کرنے کا دعویٰ: کے ٹی آر
حیدرآباد۔/25 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ جاریہ ماہ کے اختتام تک رعیتو بندھو اسکیم کے 7600 کروڑ روپئے کسانوں میں تقسیم کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 9 اقساط میں 57782 کروڑ روپئے کسانوں کے اکاؤنٹس میں جمع کردیئے گئے ہیں اور مجوزہ اجرائی دسویں قسط ہوگی جو جاریہ ماہ کے اختتام تک بینک اکاؤنٹس میں منتقل کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے66 لاکھ کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ کے ٹی آر نے راجنا سرسلہ ضلع کے کسانوں سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ سرکاری اسکیمات پر بات چیت کی۔ انہوں نے تقریباً دیڑھ لاکھ کسانوں سے ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ ربط قائم کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مرکزی حکومت اور کئی ریاستی حکومتوں نے تلنگانہ کی رعیتو بندھو اسکیم کو اختیار کیا ہے اور کئی ریاستوں میں اس کا آغاز ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کسانوں کے حالات سدھارنے کیلئے رعیتو بندھو اسکیم متعارف کی ہے جو ملک میں اپنی نوعیت کی منفرد اسکیم ہے۔ ہر سال فی ایکر 10 ہزار روپئے اگریکلچرل انوسٹمنٹ سپورٹ کے طور پر کسانوں کو جاری کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی بھلائی کیلئے کے سی آر حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک کے کسان بی آر ایس کی تائید کریں گے۔ کے ٹی آر نے کسانوں سے فصلوں اور ان کی امدادی قیمت کے بارے میں سوالات کئے۔ر