ملازمین کے نمائندوں کے ساتھ صدرنشین مشرف فاروقی کا اجلاس،دو ہزار ملازمین کی خدمات
حیدرآباد ۔24۔ اپریل (سیاست نیوز) زرعی شعبہ اور آبپاشی کو موثر اور معیاری برقی سربراہی کیلئے حکومت نے تلنگانہ رعیتو پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی قائم کی ہے۔ یوم تاسیس تلنگانہ یعنی 2 جون سے پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کارکرد ہوجائے گی اور تمام ضروری منظوریاں حاصل کی جارہی ہیں۔ صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی نے الیکٹریسٹی ایمپلائیز یونینوں اور اسوسی ایشنوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رعیتو ڈسکام کو ایک علحدہ اور جامع ادارہ کے طور پر برقرار رکھے گی۔ ڈسکام زرعی شعبہ کو سربراہی کے سلسلہ میں حکومت کے احکامات کا پابند رہے گا۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ موجودہ سدرن اور ناردن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیاں برقرار رہیں گی اور زرعی شعبہ کیلئے خصوصی ڈسکام قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارکردگی کے اعتبار سے سدرن ڈسکام 44 فیصد ، رعیتو ڈسکام 42 فیصد اور ناردن ڈسکام 14 فیصد صارفین کی ضروریات کی تکمیل کرے گا۔ رعیتو ڈسکام ابتداء میں 2000 ملازمین کے ساتھ اپنی کارکردگی کا آغاز کرے گا اور مستقبل کی ضرورتوں کے اعتبار سے ملازمین کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملازمین کے سرویس رولس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی اور دیگر برقی اداروں کی طرح سہولتیں حاصل رہیں گی۔ ملازمین کے الاٹمنٹ اور ان کی ذمہ داریوں کے تعلق سے یونین اور اسوسی ایشن کے قائدین سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ رعیتو ڈسکام سے برقی اداروں کے ملازمین کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی ذمہ داریوں کے سلسلہ میں شفافیت کی برقراری کیلئے اجلاس منعقد کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سدرن اور ناردن ڈسکام سے ملازمین کو ڈپیوٹیشن پر حاصل کیا جارہا ہے۔ آنے والے دنوں میں ٹرانسکو اور جینکو سے ملازمین حاصل کئے جائیں گے۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ کسانوں اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے علاوہ ملازمین کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ برقی ملازمین کی مختلف یونینوں کے تقریباً 65 قائدین نے شرکت کی۔1/k/m/b