2 جون سے باقاعدہ کارکردگی ، مشرف فاروقی کی ماہرین اور پروفیشنلس سے مشاورت
حیدرآباد ۔10۔ اپریل (سیاست نیوز) صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر رعیتو پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی مشرف فاروقی آئی اے ایس نے زرعی شعبہ کو برقی کی سربراہی اور آئندہ کی ضروریات اور طلب کے پیش نظر حکمت عملی تیار کرنے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ ڈسٹری بیوشن کمپنی کے عہدیداروں کے علاوہ ایڈمنسٹریٹیو اسٹاف کالج آف انڈیا کے برقی ماہرین ، برقی پالیسی کی تیاری میں اہم کردار ادا کرنے والے پروفیشنلس نے اجلاس میں شرکت کی ۔ رعیتو ڈسٹری بیوشن کمپنی کے قیام اور کمپنی کی کارکردگی کے بارے میں اجلاس میں غور کیا گیا۔ تمام اضلاع میں حکومت کی پالیسی پر موثر عمل آوری کیلئے رعیتو ڈسٹری بیوشن کمپنی متحرک ہوجائے گی۔ اجلاس میں رعیتو ڈسٹری بیوشن کمپنی کو دیگر ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے اثاثہ جات کی منتقلی کا جائزہ لیا گیا ۔ نئی کمپنی کے قیام کے سلسلہ میں تکنیکی اور معاشی ضروریات پر ماہرین سے رائے طلب کی گئی ۔ ملازمین کے الاٹمنٹ اور ان کے سرویس رولس کا تعین اور ضروری ٹریننگ کی فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔ کمپنی کی جانب سے زراعت ، آبپاشی اور برقی کی سربراہی جیسے اداروں کی برقی طلب کی تکمیل کی جائے گی۔ کمپنی نے ریاست بھر میں صارفین اور ان کی طلب کے بارے میں اعداد و شمار تیار کئے ہیں۔ زرعی شعبہ کو برقی کی موثر سربراہی کے لئے بنیادی سطح پر انتظامی ڈھانچہ کو مضبوط بنایا جائے گا۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ اثاثہ جات اور ملازمین کی تقسیم کا عمل جاریہ ماہ مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2 جون سے رعیتو ڈسٹری بیوشن کمپنی مکمل طور پر کارکرد ہوجائے گی اور زرعی شعبہ اور آبپاشی پراجکٹس کی برقی ضرورتوں کی تکمیل ہوگی۔ اجلاس میں پروفیسر راج کرن ، وی بلولکر ، ڈائرکٹر سنٹر فار اینرجی اسٹڈیز ، چیف انجنیئرس پی آنند ، اے کامیش ، شراون کمار ، شریمتی سدھا مادھوری اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔1/k/m/b