واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے روس سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے رپورٹر ایوان گرشکووچ کو رہا کرے۔ گرشکووچ کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ صحافیوں کی طرف سے جب جوبائیڈن سے امریکی شہری گرشکووچ کے حوالے سے پوچھا گیا کہ روس کے لیے ان کا کیا پیغام ہے، تو بائیڈن کا کہنا تھا، ”انہیں رہا کیا جائے۔‘‘ وال اسٹریٹ جرنل کے ‘بورڈ آف آوپینین ایڈیٹرز‘ نے جمعرات 30 مارچ کو شائع ہونے والے ایک مضمون میں تحریر کیا کہ امریکہ میں تعینات روس کے سفیر کے ساتھ ساتھ وہاں کام کرنے والے تمام روسی صحافیوں کو ملک بدر کر دینے کا عمل قطعاً اچنبھے کا باعث نہ ہو گا اور یہ کم ازکم متوقع اقدام ہے۔ اس مضمون میں مزید کہا گیا، ”گرفتاری کا وقت امریکہ کو شرمندہ کرنے اور روس میں کام کرنے والے غیر ملکی پریس کو ڈرانے کی ایک سوچی سمجھی اسکیم کا حصہ اور اشتعال انگیزی ہے۔‘‘