روس اور یوکرین کے ایک دوسرے کے ڈیم تباہ کرنے کے الزامات

   

ماسکو ؍ کیف : یوکرین اور روس نے ایک دوسرے پر خیرسون میں ایک دریا پر بنائے گئے اہم ترین ڈیم کو تباہ کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ڈیم کا ایک حصہ تباہ ہونے سے جنوبی یوکرین میں ایک بڑا علاقہ زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ سوشل میڈیا پر ایسی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں ڈیم کا تباہ ہونے والا حصہ نظر آ رہا ہے۔ یہ ڈیم لگ بھگ 95 فٹ بلند اور تین کلو میٹر طویل ہے۔ یہ ڈیم دریائے نیپرو پر 1956 میں قائم کیا گیا تھا۔ اس ڈیم سے 2014 سے روس کیزیر تسلط، یوکرین کے علاقہ کرائمیا کو پانی فراہم ہوتا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ یوکرین کے نیوکلیر بجلی گھر کو درکار پانی بھی یہاں سے حاصل کیا جاتا تھا، جس پر روس کا قبضہ ہے۔ روس کی سرکاری خبر ایجنسی ’تاس‘ کے مطابق روسی حکام کا دعویٰ ہے کہ ڈیم کو پہنچنے والے نقصان سے نیوکلیر بجلی گھر کو کسی بھی قسم کا خطرہ نہیں ہے۔