روسی پٹرول اب پاکستان بھیجا جائے گا

   

ماسکو : یورپی یونین کی درآمد پر پابندی کے باعث روسی پٹرول اب پاکستان بھیجا جائے گا۔ آزاد روسی آئل ریفائنر فورٹ انویسٹ نے ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت پہلی بار روسی پٹرول زمینی راستے سے پاکستان کو بھیجا جائے گا۔ انڈسٹری کے دو ذرائع نے جمعہ کو روئٹرز کو بتایا کہ روسی ریفائنرز یورپی یونین کی درآمد پر پابندی سے چند دن قبل موٹر فیول کے لیے متبادل منڈیوں کی تلاش میں ہیں۔ ذرائع نے مزید کہا کہ فورٹ انویسٹ نے ایک تاجر کو اپنے اورسک پلانٹ سے ابتدائی ایک ہزار ٹن پٹرول پاکستان کو ڈیلیوری کے لیے فروخت کیا ہے۔ روئٹرز کے مطابق فورٹ انویسٹ کو پاکستان میں پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی فراہمی کے لیے مزید درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ریفائن شدہ مصنوعات روس میں اورسک ریفائنری سے بھیجی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق روس اور پاکستان کے درمیان براہ راست ریل رابطہ نہ ہونے کے باعث پٹرویم مصنوعات قازقستان کی سرحد کے قریب روس کے اورین برگ کا علاقہ میں قائم اورسک ریفائنری سے ریل کے ذریعے افغانستان تک پہنچائی جائیں گی، اور وہاں سے پاکستان کو ترسیل کے لیے دوبارہ انہیں ٹینکرز میں لوڈ کیا جائے گا۔ یہ اقدام مغربی پابندیوں کے ایک نئے مرحلے سے کچھ دن پہلے سامنے آیا ہے۔