روہنگیا کیمپ میں آتشزدگی کا ایک اور واقعہ، تین ہلاک

   

کاکس بازار : جنوبی بنگلہ دیش میں قائم ایک عارضی مارکٹ میں جو روہنگیا پناہ گزین کیمپس کے قریب واقع ہے، آگ لگنے سے تقریباً 20 دوکانات جل کر خاکستر ہوگئیں جبکہ 3 افراد ہلاک بھی ہوئے۔ اس دوران مقامی پولیس سربراہ احمد سنجور مرشد نے بتایا کہ آتش فرو عملہ کو آگ بجھانے کے دوران کافی جدوجہد کے بعد ملبہ سے نعشیں دستیاب ہوئیں۔ جمعہ کے روز صبح کی اولین ساعتوں میں میانمار سے آئے روہنگیا پناہ گزینوں کے کوٹوپلانگ کیمپ میں جس وقت آگ لگی اس وقت سارے لوگ محوخواب تھے۔ دریں اثناء ایک دوکان کے مالک سیدالمصطفی نے بتایا کہ مہلوکین اس کی دوکان میں کام کیا کرتے تھے۔ دوسری طرف آتش فرو عملہ کے عمادالحق نے بتایا کہ آگ بجھانے میں زائداز تین گھنٹے لگ گئے۔ اب تک آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چلا ہے۔ یاد رہیکہ گذشتہ ماہ بھی روہنگیا کیمپ میں آگ لگنے سے 15 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔