بھوپال : مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے آج کہا کہ ‘ہر گھر ترنگا’ مہم ہماری حب الوطنی کا اظہار ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ ریاست کے ہر گھر پر ترنگا لہرایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے دور دراز دیہاتوں تک قومی پرچم کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہر گاؤں اور ہر وارڈ کا کوئی بھی گھر ترنگا مہم میں حصہ لینے سے محروم نہ رہے ۔ ضلع کلکٹر کو چاہئے کہ وہ جھنڈے کی فروخت کے مراکز کے بارے میں اطلاعات کو عام کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔ تمام وزراء، نومنتخب عوامی نمائندے ، سماجی کارکنان، سرکاری افسران و ملازمین، مختلف تنظیموں کے عہدیداران اور طلباء قومی پرچم لہراتے اور اپنے گھروں پر قومی پرچم لگاتے ہوئے سوشل میڈیا پر اپنی فوٹو لازمی اپلوڈ کریں۔سرکاری اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ چوہان ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس مہم کی جاری تیاریوں کا جائزہ لے رہے تھے ۔ میٹنگ میں چیف سکریٹری اقبال سنگھ بینس، ایڈیشنل چیف سکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن ونود کمار، پرنسپل سکریٹری ثقافت شیو شیکھر شکلا، پرنسپل سکریٹری تعلقات عامہ راگھویندر کمار سنگھ اور ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سدھیر سکسینہ موجود تھے۔