ریاستیں کورونا سے نمٹنے پوری طرح چوکس رہیں

   

آکسیجن کی سہولت ‘ وینٹیلیٹر تیار رکھے جائیں۔ مرکزی وزارت صحت کا مکتوب

حیدرآباد 25 ۔ ڈسمبر ( سیاست نیوز) کورونا کی نئی لہر سے نمٹنے مرکز سے تمام ریاستوں کو جاری کئے گئے رہنمایانہ خطوط میں کہا گیا کہ ریاستی حکومتیں اور محکمہ صحت کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ سے نمٹنے تیار رہیں اور دواخانو ںمیں آکسیجن کی سہولت کے علاوہ آئی سی یو ‘ وینٹیلیٹر سہولتوں میں اضافہ کیا جائے ۔ مکتوب میں کہا گیا کہ وہ اپنے تمام آکسیجن پلانٹس کو کارکرد رکھنے کے علاوہ ان کے استعمال کی تمثیلی مشق کرلیں۔ دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے مرکز کی جانب سے گذشتہ چند یوم سے احتیاطی اقدامات کے دوران جاری مکتوب سے ایسا محسوس ہونے لگا ہے کہ مرکز ریاستوں کو کورونا وائرس کی نئی لہر سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے تیار رہنے کی تاکید کررہا ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے ایڈیشنل سیکریٹری مسٹر منوہر ناگنانی نے ریاستی چیف سیکریٹریز اور سیکریٹری محکمہ صحت و دیگر متعلقہ عہدیداروں کو روانہ مکتوب میں کہا کہ وہ کورونا کی امکانی لہر سے نمٹنے تیار رہیں ۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومتوں کو اطلاع میں مختلف ممالک میں کورونا کے مریضوں میں اضافہ و مریضوں میں علامات کے متعلق بھی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ مرکزی محکمہ صحت نے بتایا کہ ریاستوں میں طبی خدمات کو بہتر بنانے بنیادی طور پر آکسیجن کی فراہمی یقینی بنانا لازمی ہے کیونکہ کورونا مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت پیش آرہی ہے اور سابقہ تجربات کی بنیاد پر وائرس کی نئی لہر شروع ہونے پر آکسیجن کی قلت یا حصول میں دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کیلئے ریاستی حکومتیں تیاریاں مکمل کریں۔مرکز نے ریاستی محکمہ صحت کو آکسیجن کے ساتھ وینٹیلیٹرس ‘ BiPaP مشین اور Spo2 مشینوں کو کارکرد رکھنے اور ان کا جائزہ لینے کے علاوہ ان کی تعداد وغیرہ کی تفصیلات کو یکجا کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ ہنگامی حالات میں درکار آلات کے ساتھ تجربہ کار عملہ کی خدمات کے حصول کو بھی یقینی بنایا جائے۔م