کانگریس میں کوئی یکناتھ شنڈے نہیں ہے
حیدرآباد ۔ 12 ۔ اپریل (سیاست نیوز) ریاستی وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں کوئی یکناتھ شنڈے نہیں ہے اور ریونت ریڈی آئندہ 10 سال کے لئے چیف منسٹر رہیں گے ۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا یہ بیان اس وقت آیا جب چیف منسٹر نے وینکٹ ریڈی کے بھائی راج گوپال ریڈی کی قیامگاہ پہنچ کر بھونگیر لوک سبھا حلقہ کی انتخابی مہم کا جائزہ لیا تھا۔ بھونگیر سے ریونت ریڈی کے قریبی ساتھی سی ایچ کرن کمار ریڈی کانگریس کے امیدوار ہیں۔ وینکٹ ریڈی جو سابق میں ریونت ریڈی کی کھل کر مخالفت کرچکے ہیں لیکن تشکیل حکومت کے بعد ان کے موقف میں تبدیلی آچکی ہے۔ ریونت ریڈی کو آئندہ 10 سال تک چیف منسٹر قرار دینے پر خود پارٹی حلقوں میں حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے بی جے پی فلور لیڈر مہیشور ریڈی کے بیان کا جواب دیا جس میں انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی الیکشن کے بعد کانگریس کیلئے یکناتھ شنڈے ثابت ہوں گے اور کانگریس پارٹی کو توڑ دیں گے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ پارٹی میں کوئی یکناتھ شنڈے نہیں ہیں اور کوئی گروہ بندی نہیں ہے۔ ریونت ریڈی آئندہ 10 برس تک چیف منسٹر رہیں گے ۔ انہوں نے مہیشور ریڈی کو زبان پر لگام دینے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے ہریش راؤ کے مخالف ریونت ریڈ ی بیانات کی مذمت کی اور کہا کہ بی آر ایس قائدین ابھی بھی اقتدار کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ 1