کے سی آر حکومت کی خریدی گئی لینڈ کروزر گاڑیوں سے انتخاب
حیدرآباد ۔29۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے نئی بلٹ پروف لینڈ کروزر گاڑیوں کی خریدی کو چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عوامی رقومات ضائع کرنے کا الزام عائد کیا تھا لیکن انٹلیجنس حکام نے ریونت ریڈی کی سیکوریٹی کا جائزہ لینے کے بعد تین نئی بلٹ پروف لینڈ کروزر گاڑیوں کو قافلہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سی آر نے 10 سے زائد نئی گاڑیوں کو خرید کر آندھراپردیش میں محفوظ رکھا تھا تاکہ حکومت کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے قافلہ میں استعمال کیا جائے۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد عہدیداروں کو نئی گاڑیوں کے بجائے موجودہ گا ڑیوں کے استعمال کی ہدایت دی تھی۔ ریونت ریڈی نے سیاہ رنگ کی گاڑی کا انتخاب کیا ۔ ابتداء میں وہ اپنی ذاتی گاڑی میں سفر کر رہے تھے ۔ انٹلیجنس سیکوریٹی ونگ کے سربراہ تفسیر اقبال آئی پی ایس نے چیف منسٹر کو بتایا کہ سابق حکومت نے نئی لینڈ کروزر گاڑیاں خریدی ہیں جو آندھراپردیش میں رکھی گئی ہیں۔ ریونت ریڈی نے سیکوریٹی میں غیر معمولی اضافہ سے گریز کا مشورہ دیا لیکن سیکوریٹی کے پیش نظر عہدیداروں نے تین نئی گاڑیوں کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ باقی گا ڑیوں کو تلنگانہ میں اہم ترین شخصیتوں کے دورہ کے موقع پر استعمال کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر کے دورہ اضلاع کے موقع پر یہ گاڑیاں استعمال میں آئیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع کرشنا سے تعلق رکھنے والی ایک خانگی کمپنی نے گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کا کام کیا ہے۔ یہ کمپنی بلٹ پروف کے کام میں مہارت رکھتی ہے ۔ چھتیس گڑھ ، مہاراشٹرا ، اڈیشہ اور کرناٹک کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں کی حکومتیں گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کیلئے مذکورہ کمپنی کی خدمات حاصل کرتی ہیں۔ 1