واشنگٹن ۔ امریکہ میں ایک اور امیگریشن بحران سر اٹھانے لگا۔ میکسیکو سے غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخلے کے واقعات میں 71 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں غیر قانونی داخلے کی وجہ سے امیگریشن بحران پیدا ہورہا ہے، جسے قابو کرنے کے لیے سابق صدر ٹرمپ نے سخت پابندیا عائد کی تھیں۔ تاہم اب صدر بائیڈن کے اقتدار میں گزشتہ ماہ کے دوران ایک لاکھ 72 ہزار افرادکو غیر قانونی داخلے پر حراست میں لیا گیا ہے، جس کے بعد رواں سال پکڑے جانے والے افراد کی تعداد ساڑھے 5 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔ ریپبلکن ارکا ن کانگریس نے امیگریشن بحران کا ذمے دار صدر بائیڈن کو قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیڈن کی نرم پالیسیوں کی وجہ سے سرحد پر لوگ جمع ہیں۔ ریپبلکن ارکان کانگریس کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ 18 ہزار سے زائد بچے غیر قانون طور پر داخل ہوئے۔