زرعی شعبہ کو ترقی دینے میں حکومت ناکام ، کسانوں سے ہریش راؤ کی ملاقات

   

مختلف مسائل پر تبادلہ خیال ، کسانوں کے ساتھ سیلفی بھی لی
حیدرآباد۔11 فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ کسانوں کے مسائل حل کرنے میں ریونت ریڈی حکومت پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت کی غفلت اور لاپرواہی سے زرعی شعبہ مختلف مسائل سے دوچار ہے اور کسان پریشان ہیں۔ ہریش راؤ نے آج ضلع سدی پیٹ میں ملنا ساگر کے قریب کسانوں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور کسانوں کے ساتھ سیلفی لئے۔ کسانوں سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں زرعی شعبہ کی ترقی کیلئے کے سی آر نے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے، بڑے بڑے آبپاشی پراجیکٹس تعمیر کرتے ہوئے زرعی شعبہ کو پانی سیراب کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کئے جس کے بعد تلنگانہ کا زرعی شعبہ سارے ملک میں سرفہرست ہوچکا تھا۔ کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے ریتو بندھو اسکیم متعارف کرائی گئی۔ سال میں دو مرتبہ کسانوں کے بینک کھاتوں میں سرمایہ کاری کی گئی اور 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی گئی۔ کبھی کسانوں کو تخم، کھاد کیلئے قطاروں میں کھڑا ہونا نہیں پڑا۔ کانگریس حکومت نے 2 لاکھ روپئے تک قرضوں کی معافی کے نام پر کسانوں کو دھوکہ دیا۔ ریتو بھروسہ معمولی دے کر بڑے پیمانے پر تشہیر کی گئی۔ برقی سربراہی میں کانگریس حکومت پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ ایک سال میں ہی کانگریس حکومت عوامی اعتماد سے محروم ہوچکی ہے۔ ریاست کا ہر شعبہ زوال پذیر ہے۔ سماج کا کوئی بھی طبقہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ بی آر ایس پارٹی نے ان عوامی مسائل کو حل کرانے کیلئے اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرے گی۔ عوام بالخصوص کسانوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ایوانوں میں اور ایوانوں کے باہر احتجاج کرتے ہوئے بی آر ایس حکومت پر دباؤ بنائے گی۔ ضرورت پڑنے پر عدلیہ کا دروازہ بھی کھٹکھٹائے گی۔ 2