ممبئی : بمبئی ہائی کورٹ نے آج فیصلہ سنایا کہ زمین کے مالکان کو زمین کے حصول کے لیے مالی معاوضہ کے بجائے منتقلی کے قابل ترقیاتی حقوق (ٹی ڈی آر)یا فلور اسپیس انڈیکس (ایف ایس آئی)کو قبول کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ جسٹس گریش کلکرنی اور ادویت سیٹھنا کی بنچ نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک کوئی واضح معاہدہ نہیں ہوتا، زمین کے مالک کو مالی طور پر معاوضہ دیا جانا چاہیے ۔ عدالت مہاراشٹرا کے پالگھر ضلع میں واقع ایک سنیماہال پورنیما ٹاکیز کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کر رہی تھی، جس میں ڈہانو نگر پریشد کی جانب سے سڑک کو چوڑا کرنے کے لیے اپنی زمین دینے پر ان کو معاوضہ فراہم کرنے سے انکار کو چیلنج کیا گیا تھا۔ معاوضہ دینے کے بجائے ، میونسپل باڈی نے ٹی ڈی آر یا ایف ایس آئی دینے پر اصرار کیا۔ درخواست گزار، ہیمنت مالی کی 3027 مربع میٹر زمین کی ملکیت ہے ،جو اصل میں 1939 میں ایک سند کے ذریعہ دی گئی تھی۔ 2019 میں، مالی کے بھتیجے نے آٹو سروس اسٹیشن شروع کرنے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی لیکن اس درخواست پر کبھی عمل نہیں ہوا۔