زکوٰۃ سنٹر انڈیاکی تعلیم اور تجارتی شعبوں میں نمایاں خدمات۔ عبدالجباری صدیقی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 27؍فروری۔ ( پریس نوٹ ) ۔ جناب عبدالجبار صدیقی نیشنل سکریٹری زکوٰۃ سنٹر انڈیا نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ زکوٰۃ کے اجتماعی نظام کو مستحکم کریں تاکہ ملت و قوم کا اجتماعی فائدہ ہوسکے۔ ایک پریس کانفرنس میںانہوں نے کہا کہ زکوٰۃ کی بدولت کئی غریب مسلم ممالک غربت کے دلدل سے باہر نکل سکے ہیں۔ ہندوستان ہر شعبہ حیات میں ترقی کررہا ہے اور مسلمان اتنا ہی تنزلی کی سمت رواں دواں ہے۔ مسلمان اگر ایمانداری اور سنجیدگی سے زکوٰۃ نکالے اور صحیح استعمال کرے تو ان کے بیشتر مسائل حل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ خیرات نہیں بلکہ عبادت ہے‘ جو اسلام کے چوتھا فریضہ ہے۔ کسی کو زکوٰۃ کی رقم دینا اتنا اہم نہیں ہے جتنا اس رقم کے ذریعہ اس کی معاشی حالت کو مستحکم بنانا ہے۔ زکوٰۃ کی رقم سے جس کی مدد ہورہی ہے وہ کچھ عرصہ بعد زکوٰۃ ادا کرنے کے قابل بن جائے۔ جناب عبدالجبار صدیقی نے بتایا کہ زکوٰۃ سنٹر کا گزشتہ سال قیام عمل میں آیا۔ یہ 11 ریاستوں میں سرگرم ہے۔ گزشتہ سال صرف 633 مستحقین فیضیاب ہوئے تھے۔ یہ تعداد جاریہ سال 1516 ہوگئی ہے۔ زکوٰۃ سنٹر سے روزگار کے شعبے میں 1058، اسکل ڈیولپمنٹ اور ایجوکیشن کے شعبے میں 239، راشن کی تقسیم اور پنشن شعبہ سے 219 مستحقین مستفید ہوئے ۔ زکوٰۃ سنٹر کی خصوصیت یہ ہے کہ ٹکنالوجی سے اچھی طرح سے جڑا ہے۔ مستفید ہونے والوں کیلئے رہنمائی کی سہولت فراہم ہے۔ اس موقع پر عبدالقدوس صدر تلنگانہ ‘سید تنویر الحق سکریٹری حیدرآباد ‘منظور احمد اور اعظم علی نیشنل کوآرڈینیٹر موجود تھے۔