کوئی بھی کسان پانی سے محروم نہ رہے، ایس ایل بی سی سرنگ کی عنقریب تکمیل، اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ جاریہ خریف سیزن میں ریاست بھر میں زرعی شعبہ کو پانی کی موثر سربراہی کے لئے ایکشن پلان تیار کریں۔ اتم کمار ریڈی نے محکمہ جات آبپاشی اور زراعت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ مانسون کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے زیر تکمیل آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر اور سری سیلم لیفٹ بینک کنال کی سرنگ کی تعمیر کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو کسانوں کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کرنی چاہئے تاکہ فصلوں کی ضرورت کے مطابق پانی سربراہ کیا جائے۔ انہوں نے ذخائر آب کی سطح اور مانسون کے باعث پانی کی آمد میں اضافے پر بدستور نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ کرشنا اور گوداوری پر موجود ذخائر آب کی سطح پر ریاستی وزیر نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی موثر سربراہی کے نتیجہ میں گزشتہ سال 281 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار ہوئی ہے جو ملک میں ایک ریکارڈ ہے۔ محکمہ جات آبپاشی و زراعت میں بہتر تال میل کے نتیجہ میں یہ کامیابی ملی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کوئی بھی کسان پانی کی عدم سربراہی کے نتیجہ میں متاثر نہ ہونے پائے۔ ضلع کلکٹرس اور فیلڈ اسٹاف کو چوکسی کی ضرورت ہے۔ اتم کمار ریڈی نے ریاست کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی پر ضلع نظم و نسق کو چوکسی کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ کو دیگر محکمہ جات سے اشتراک کرنا چاہئے۔ انہوں نے سری سیلم لفٹ بینک کنال کی سرنگ کی تعمیری پیش رفت کا جائزہ لیا اور تقریباً 10 کیلو میٹر کے اضافی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ٹنل کی تکمیل کے لئے این جی آر آئی اور دیگر محکمہ جات کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ فوج کے ماہرین نے بھی اپنی خدمات کا پیشکش کیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے آبپاشی کی اراضیات پر ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے لئے فوری کارروائی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز قبضوں کے نتیجہ میں کسانوں کو نقصان ہوگا کیونکہ آبگیر علاقے ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہر کسان کو پانی کی سربراہی کے ذریعہ فصلوں کا تحفظ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ 1