سابق رکن اسمبلی جیون ریڈی کو سپریم کورٹ سے ضمانت کی منظوری

   

حیدرآباد ۔ 14۔ مئی (سیاست نیوز) آرمور کے سابق بی آر ایس رکن اسمبلی جیون ریڈی کو سپریم کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ معین آباد میں خانگی اراضی پر ناجائز قبضہ کے الزام کے تحت درج مقدمہ میں سپریم کورٹ نے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے مقدمات کے خلاف دائر کی گئی جیون ریڈی کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے تحقیقاتی ایجنسی سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت دی تھی۔ تلنگانہ ہائیکورٹ کے فیصلہ کو جیون ریڈی نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ سپریم کورٹ نے درخواست کی سماعت کرتے ہوئے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی اور تحقیقاتی عمل میں تعاون کرنے کی ہدایت دی۔ جسٹس پاردی والا کی زیر قیادت بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے کہا کہ تحقیقات میں تعاون نہ کرنے کی صورت میں حکام کو کارروائی کا اختیار رہے گا۔ واضح رہے کہ معین آباد کے قریب موکیلا منڈل میں 114 ایکر اراضی پر قبضہ کا جیون ریڈی پر الزام ہے۔ 1
سابق رکن اسمبلی کے خلاف دامودر ریڈی نامی شخص نے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ موکیلا اور چیوڑلہ پولیس اسٹیشنوں میں جیون ریڈی کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔1