حیدرآباد۔/16نومبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے دارالحکومت امراوتی اِنر رنگ روڈ ماسٹر پلان میں مبینہ بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں سی آئی ڈی کو سابق وزیر نارائنا سے حیدرآباد میں پوچھ تاچھ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اِنر رنگ روڈ ماسٹر پلان میں بے قاعدگیوں کے الزامات کے تحت سی آئی ڈی نے مقدمہ درج کیا اور تحقیقات کیلئے سابق وزیر کو پیش ہونے 160 سی آر پی سی کے تحت نوٹس جاری کی گئی۔ سابق وزیر نے سی آئی ڈی کی نوٹس کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔ ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نارائنا کی صحت ٹھیک نہیں ہے اور حال ہی میں ان کے قلب کا علاج ہوا ہے۔ نارائنا کی عمر 65 سال سے تجاوز کرچکی ہے لہذا انہیں پوچھ تاچھ کیلئے شخصی طور پر حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ ہائی کورٹ نے نارائنا کے وکیل کی سماعت کے بعد سی آئی ڈی کو ہدایت دی کہ وہ حیدرآباد میں نارائنا کی قیامگاہ پر پوچھ تاچھ کریں اور اس موقع پر نارائنا کے وکیل کی موجودگی کی اجازت دی جائے۔ر