نئی دہلی: ہندوستانی ساحلی محافظ دستے نے آج فوری کارروائی کرتے ہوئے مغربی بنگال کے کاک دیپ میں خراب موسم کی وجہ سے پھنسی ہوئی کشتی پر سوار 182 تیرتھ یاتریوں کو بچا لیا۔‘سواستھیہ ساتھی’ نام کی یہ کشتی تقریباً 400 یاتریوں کو گنگا ساگر میلہ سے کاک دیپ لے جاتے وقت انتہائی خراب موسم کی وجہ سے پھنس گئی۔ساحلی محافظ دستے کو جنوبی 24 پرگنہ کے ضلع مجسٹریٹ کی طرف سے کشتی کے پھنسنے کا پیغام ملا تھا۔ فورس کی آپریشنل ٹیم پیغام ملنے کے بعد فوراً حرکت میں آگئی اور مدد فراہم کرنے کیلئے ہلدیہ اور ساگر جزیرے سے دو ایئر کشن گاڑیاں (ہوور کرافٹ) روانہ کیں۔ ہوور کرافٹ نے 182 تیرتھ یاتریوں کو باہر نکالا اور باقی یاتریوں کو ان کی محفوظ منزل تک پہنچانے کیلئے کشتی کو صحیح راستے پر گامزن کیا۔ساحلی محافظ دستے نے سالانہ میلے کے دوران لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے پہلے ہی مختلف اسٹریٹجک مقامات پر میرین یونٹس تعینات کر دی تھیں۔