سالانہ امر ناتھ یاترا سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جائیگا :ڈی آئی جی

   

جموں: سالانہ امر ناتھ جی یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر سیکورٹی ایجنسیوں اور سیول انتظامیہ کی جانب سے میٹنگوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ یاترا کے دوران مزید اضافی پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے ۔ ڈی آئی جی سی آر پی ایف راجندر پرساد نے منگل کے روز بتایا کہ یاتریوں کی سیکورٹی کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حساس علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں پر اضافی اہلکاروں کو تعینات کرنے کا فیصلہ لیا گیا ۔ اُن کے مطابق سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنانے کی خاطر سبھی تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔ ڈی آئی جی سی آر پی ایف نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ سالانہ امر ناتھ یاترا کے دوران الرٹ رہیں ۔ واضح رہے کہ سالانہ امر ناتھ یاترا پر مرکزی حکومت نے 150کے قریب پیر املٹری فورسز کی کمپنیوں کی تعیناتی کا فیصلہ کیا جبکہ جموں وکشمیر پولیس کے ساتھ ساتھ فوج اور بی ایس ایف اہلکاروں کو بھی حساس علاقوں میں تعینات کیا جارہا ہے۔