سدرشن ریڈی کیخلاف امیت شاہ کے الزامات کی مذمت

   

انڈیا اتحاد کے امیدوار کو حاصل ہونے والی تائید سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار : جیون ریڈی
حیدرآباد ۔ 23 اگست (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد سابق ایم ایل سی ٹی جیون ریڈی نے انڈیا اتحاد کے نائب صدرجمہوریہ کے امیدوار جسٹس سدرشن ریڈی کو مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے اربن نکسل کے حامی قرار دینے کی سخت مذمت کی۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ سدرشن ریڈی کو مختلف جماعتوں سے حاصل ہونے والی تائید سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے اور انڈیا اتحاد امیدوار کے خلاف بے جا الزامات عائد کررہی ہے جس کی وہ سخت مخالفت کرتے ہیں۔ جیون ریڈی نے کہا کہ تشدد کا جواب تشدد نہیں ہوتا۔ سدرشن ریڈی جمہوری، دستوری اصولوں پر قائم رہنے والی شخصیت ہے۔ ملک کیلئے بے لوث خدمات انجام دینے والے جسٹس سدرشن ریڈی کے خلاف اور ان کی تائید و حمایت کرنے والی جماعتوں کے خلاف الزامات عائد کرنا مرکزی وزیرداخلہ کو زیب نہیں دیتا۔ کانگریس کے قائد نے کہا کہ سدرشن ریڈی کانگریس کے نہیں بلکہ انڈیا اتحادی جماعتوں کے امیدوار ہے۔ انہیں انڈیا اتحاد میں شامل نہ رہنے والی دوسری جماعتوں کی بھی تائید حاصل ہورہی ہے۔ سدرشن ریڈی سوشلسٹ نظریات رکھنے والی شخصیت ہے۔ وہ ملک کی تمام جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں نائب صدرجمہوریہ عہدے کا وقار بڑھانے کیلئے وہ جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر سدرشن ریڈی کی تائید کریں۔ ساتھ ہی تلگو ریاستوں کی جماعتوں کیلئے بھی بہترین موقع ہے کہ ایک تلگو قائد کو ملک کے جلیل القدر عہدے پر پہنچانے کیلئے ان کی تائید کریں۔2