سدھو موسے والا کے قتل کا ماسٹر مائنڈ گولڈی برار دہشت گرد قرار

   

نئی دہلی : ہندوستان کے مشہور پنجابی گلوکار اور کانگریس کے رہنما سدھو موسے والا کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے والے گینگسٹر گولڈی برار کو حکومت ہند نے دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق انڈیا کی وزارت داخلہ نے غیرقانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون(یو اے پی اے) کے تحت کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار کو دہشت گرد قرار دیا۔گولڈی برابر کا اصل نام ستوندرجیت سنگھ ہے جو 2017 میں اسٹوڈنٹ ویزے پر کینیڈا گیا تھا۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس کے بعد سے گولڈی برار کینیڈا ہی سے قتل اور اغوا برائے تاوان جیسے جرائم کی سرپرستی کرتا ہے۔ گولڈی برار کو ایک اور گینگسٹر لارنس بشنوئی کا قریبی ساتھی شمار کیا جاتا ہے۔ ہندوستان کی وزارت داخلہ کے نوٹیفیکیشن میں کہا گیا کہ ’اپریل 1994 میں پیدا ہونے والے ستوندرجیت سنگھ جو شمشیر سنگھ اور پریتپال کور کا بیٹا ہے، وہ کینیڈا کے علاقے برامٹن میں مقیم ہے اور خالصتان کے حامی دہشت گرد گروپ ببّر خالصہ کے ساتھ منسلک ہے۔‘مرکزی حکومت کا کہنا ہے کہ گولڈی برار ڈرونز کے ذریعے سرحد کے آر پار ممنوعہ ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہے۔ یہ ہتھیار پرتشدد سرگرمیوں میں استعمال ہوتے ہیں۔