15 اپریل کو شروع ہوا سروے 21 اپریل کو اختتام : ٹیچرس میں تشویش
حیدرآباد ۔ 21 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ریاست کے سرکاری ٹیچرس کے بارے میں تیسرے فریق ( تھرڈ پارٹی ) سے جامع معلومات حاصل کی جارہی ہے ۔ مختلف اضلاع میں یہ ذمہ داری ڈائیٹ کالج کے طلبہ کو سونپی گئی ہے ۔ یہ جامع سروے 15 اپریل کو شروع ہوا جو 21 اپریل تک جاری رہا ۔ اس سارے عمل کی نگرانی ریاستی محکمہ تعلیم کررہا ہے ۔ تاہم محکمہ تعلیم کے اس فیصلے سے ٹیچرس تنظیمیں ناراض ہیں ۔ لیکن محکمہ تعلیم نے اساتذہ کے شکوک و شبہات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے ۔ ریاست میں 26 ہزار سرکاری اسکولس ہیں ۔ ان میں بنیادی سہولتوں کے تعلق سے مرکزی حکومت ڈیٹا اکٹھا کررہی ہے ۔ یونائٹیڈ ڈسٹرکٹ انفارمشین سسٹم فار ایجوکیشن (UDISE ) کے ذریعہ معلومات فراہم کی جارہی ہے ۔ یہ سب آن لائن میں ہورہا ہے ۔ اسکولس میں بیت خلائیں ، ڈیجیٹل کلاس رومس ، پینے کے پانی کی سہولت ، برقی ، کچن ، فرنیچرس وغیرہ توقع کے مطابق نہ ہونے کا مرکز دعویٰ کررہا ہے ۔ محکمہ تعلیم کی دلیل ہے کہ انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے باوجود یو ڈی آئی ایس میں اس کا اندراج نہیں کیا جارہا ہے ۔ اس سے نقصان ہونے کا ریاستی حکومت ادعا کررہی ہے ۔ ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک جامع سروے کرایا جارہا ہے ۔ محکمہ تعلیم UDISE میں اپنی تفصیلات درج نہ کرنے والے ہیڈ ماسٹرس کے خلاف کارروائی کرنے کا منصوبہ تیار کررہا ہے ۔ ہر ضلع کے تقریبا 700 سے زیادہ اسکولس میں سروے کیا جارہا ہے ۔ ہر اسکول کے لیے 10 افراد پر مشتمل ایک گروپ بنایا گیا ہے ۔ وہ اسکول کا دورہ کرتے ہیں اور ایم ای او آفس میں UDISE ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہیں ۔ انہیں ہیڈ ماسٹرس سے سوال کرنے کا بھی اختیار دیا گیا ہے ۔ محکمہ ایجوکیشن نے انہیں ایک سوالنامہ دیا ہے ۔ جس میں بنیادی سہولتیں ، نصابی کتب کی تقسیم اور یونیفارم جیسی تفصیلات شامل ہیں ۔ کیا تمام اسکولس UDISE میں رجسٹرڈ ہیں ؟ اس کی بھی جانچ کی جارہی ہے ۔ اسکولس میں کام کرنے والوں کی شخصی معلومات بھی حاصل کی جارہی ہے ۔ جس سے ٹیچرس میں تشویش پائی جارہی ہے ۔ جس سے جامع سروے متنازعہ بن گیا ہے ۔ اسکول ایجوکیشن کے ڈائرکٹر نرسمہا ریڈی نے سروے پر پائے جانے والے شکوک کو مسترد کرتے ہوئے اس کو بنیاد قرار دیا ہے ۔ ہیڈ ماسٹر اسوسی ایشن کے سابق صدر راجہ بھانو چندر شیکھر نے کہا کہ ہم برسوں سے UDISE کو تفصیلات روانہ کررہے ہیں ۔ وقت کے ساتھ تبدیلیوں کو شامل کرنے کے لیے UDISE میں ترمیم کا کوئی آپشن نہیں ہے ۔ اس پر حکومت توجہ دیں ۔ ایڈٹ آپشن فراہم کرنے اور سروے میں ٹیچرس کو شامل کرنے کا مطالبہ کیا ۔۔ 2