سری لنکا میں آٹھ ہندوستانی ماہی گیر گرفتار

   

پڈوکوٹائی (تمل ناڈو): سری لنکائی بحریہ نے پیر کی رات دیر گئے آٹھ ہندوستانی ماہی گیروں کو بین الاقوامی میری ٹائم باؤنڈری لائن کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا اور ان کی ماہی گیری کی کشتیوں کو ضبط کرلیا۔ تمل ناڈو کے ماہی پروری محکمہ کے افسران نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ تمل ناڈو کے ماہی پروری کے محکمے کے حکام نے بتایا کہ پڈوکوٹائی ضلع کے جیگاتھاپٹنم ساحلی گاؤں کے ماہی گیروں کو سری لنکا کی بحریہ نے اس وقت گرفتار کیا جب وہ آئی ایم بی ایل کے قریب گہرے سمندر میں مچھلیاں پکڑ رہے تھے ۔ سری لنکائی بحریہ نے ایک سرکاری ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے پانیوں میں غیر قانونی طور پر ہندوستانی ماہی گیری کی کشتیوں کو نکالنے کے لیے ایک خصوصی آپریشن شروع کیا ہے ۔ آپریشن کے دوران آٹھ ہندوستانی ماہی گیروں سمیت ایک ہندوستانی ٹرالر کو قبضے میں لے لیا گیا۔ ریلیز کے مطابق سری لنکائی بحریہ نے اس سال اب تک 189 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا ہے اور 25 ہندوستانی کشتیاں ضبط کی ہیں۔