ٹاملناڈو : سری لنکا کی بحریہ نے بین الاقوامی میری ٹائم باؤنڈری لائن (آئی ایم بی ایل) کی خلاف ورزی اور غیر قانونی ماہی گیری کے الزام میں 37 ہندوستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا اور پانچ ماہی گیری کی کشتیاں ضبط کر لیں۔سری لنکا کی بحریہ نے ان ہندوستانی ماہی گیروں کو ہفتہ اور اتوار کو دو الگ الگ واقعات میں گرفتار کیا ہے ۔ٹاملناڈو کے ماہی گیری کے محکمے کے حکام نے اتوار کی صبح یہاں بتایا کہ گرفتار کیے گئے ماہی گیر رامناتھ پورم ضلع کے تھانگاچیمادم اور رامیشورم کے رہائشی تھے ۔دریں اثنا، سری لنکا کی بحریہ نے آج دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ہفتے کی شام اور اتوار کی صبح سری لنکا کے آبی حدود سے غیر قانونی شکار کرنے والے ہندوستانی ٹرالروں کو باہر نکالنے کے لیے ایک خصوصی آپریشن شروع کیا تھا۔پکڑے گئے ماہی گیروں اور غیر قانونی شکار کرنے والے ٹرالروں کو تلائی منار پیئر اور کنکاسنتھورائی بندرگاہ لے جایا گیا اور انہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے فشریز حکام کے حوالے کیا جائے گا۔خیال ر ہے کہ اس سے قبل 14 اکتوبر کو لنکا بحریہ نے اسی طرح کے الزام میں تھنگاچیمادم سے 27 ماہی گیروں کو گرفتار کیا تھا اور پانچ کشتیاں ضبط کی تھیں۔ذرائع کے مطابق سری لنکا کی بحریہ نے رواں سال اب تک 174 ہندستانی ماہی گیروں کو گرفتار کیا ہے اور 27 ہندستانی شکاری کشتیاں ضبط کی ہیں۔