سری نگر: سری نگر کے نوہٹہ میں واقع تاریخی جامع میں رمضان المبارک سے قبل روشنیوں کی تنصیب اور عمارت کے اگلے حصے کو روشن کرنے کے ایک خصوصی منصوبے پر کام کیا جا رہا ہے جس کو رمضان سے قبل ہی مکمل کیا جائے گا۔جامع مسجد میں خواتین کے لئے نماز کی ادائیگی کو بہتر بنانے کے لئے مسجد کے خواتین سیکشن میں خصوصی آڈیو۔ ویڈیو آلات بھی نصب کئے جا رہے ہیں۔انجمن اوقاف جامع مسجد نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ مقدس ماہ رمضان المبارک کے پیش نظر انجمن اوقاف جامع مسجد کے اراکین، عملے اور رضاکاروں کا ایک اہم اجلاس انجمن اوقاف جامع مسجد کے سربراہ میر واعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران میرواعظ نے اس بابرکت مہینے میں اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ جامع مسجد ہر سال رمضان المبارک میں لاکھوں عقیدت مندوں کی زیارت گاہ بنتی ہے اس لیے تمام انتظامات، خاص طور پر صفائی کا خاص خیال رکھا جانا چاہیے ۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی، ٹریفک کے موثر انتظام اور دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنایا جانا چاہئے اور اس سلسلے میں انہوں نے اوقاف کو متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی۔