ریاض۔ 4 اکتوبر (ایجنسیز) سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ ولید الخریجی نے ریاض میں ڈنمارک کی سعودی عرب کے لیے نومنتخب سفیر مِریٹے یول سے ملاقات کی۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق ولید الخریجی نے نئی سفیرکا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارک باد دی اور ان کی سفارتی ذمہ داریوں میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دریں اثنا، سعودی نائب وزیر خارجہ نے جاپان کے سعودی عرب میں سفیر یاسوناری مورینو سے بھی الگ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں عہدیداروں نے سعودی عرب اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال اور ان سے متعلق مسائل کے حل کے لیے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔