لندن: خاتون نے ایک سفر کے دوران 10 گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا کر خود کو منفرد افراد کی فہرست میں شامل کروا لیا۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق آسٹریا سے تعلق رکھنے والی خاتون نے انٹارکٹیکا کے سفر میں 10 گنیز ورلڈ ریکارڈ بنا کر شہرت حاصل کرلی۔ گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق 31 سالہ لیزا فاردوفر انٹارکٹیکا کے کھلے پانیوں میں 11 جنوری سے 17 جنوری تک 407 ناٹیکل میل روئینگ کر کے جنوبی سمندر اور قطب کے کھلے پانیوں میں روئینگ کرنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔ لیزا فاردوفر اور ان کی ٹیم کا مقصد 1915 میں ارنسٹ شیکلٹن اور ان کے عملے کی جانب سے الیفینٹ آئی لینڈ سے جنوبی جارجیا تک کیے جانے والے سفر کو دہرانا تھا، تاہم ٹیم کو ممبران کے زخمی اور بیمار ہونے کی وجہ سے یہ سفر ادھورا ہی چھوڑنا پڑا لیکن سفر ختم کرنے سے قبل ٹیم نے مزید 8 ریکارڈ بھی اپنے نام کیے۔