سلامتی کونسل میں فوری اصلاحات ضروری

   

برکس سربراہ اجلاس سے وزیر اعظم مودی کا خطاب
نئی دہلی، 12 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان نے برکس ممالک سے اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل میں اصلاحات پر جلد فیصلہ کرنے سمیت عالمی اداروں کے فیصلے کے عمل میں ترقی پذیر ممالک کی مساوی شرکت کو یقینی بنانے کی اپیل کی اور سمندری راستوں پر بڑھتے خطرات کے مدنظر جہاز رانوں کی سکیورٹی کیلئے ہنگامی امدادی نیٹ ورک بنانے کا اعادہ کیا ہے ۔ہندوستان کا کہنا ہے کہ برکس سربراہ اجلاس کا پیغام واضح ہونا چاہیے کہ اگر مستقبل مشترکہ ہے تو اس کی تعمیر کا حق بھی مشترکہ ہونا چاہیے ۔ وزیراعظم مودی نے 18ویں برکس سربراہ اجلاس کی پہلی مکمل میٹنگ کی صدارت کرکے ابتدائی بیان میں کہا کہ عالمی تنظیموں میں فیصلے کا عمل پیرامڈ کی طرح ہے جہاں چوٹی پر بیٹھے چند ممالک ہی فیصلے میں شامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس نظام کو ایسے پلیٹ فارم کی شکل دینے کی اپیل کی جہاں تمام ممالک فیصلے میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا کہ برکس کے 20 سال مکمل ہو چکے ہیں اور اسے اپنی ذمہ داری کے مطابق آگے بڑھ کر عالمی حکمرانی کا ایجنڈا طے کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ برکس کو مضبوط کرکے ، ہمیں عالمی اصلاحات کی سمت بھی طے کرنی ہوگی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک آج عالمی بحرانوں کا سب سے پہلے شکار ہوتے ہیں لیکن فیصلہ کے عمل میں وہ سب سے آخری قطار میں ہیں۔ ہمیں اس ‘مراعات کے پیرامڈ’ کو ‘شمولیت کے پلیٹ فارم’ میں بدلنا ہے ، جہاں ہر ملک کی آواز ہواور ہر رکن کا مفاد ہو ۔