حیدرآباد 17 اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے گچی باؤلی اراضی پر آرٹیفشل انٹلیجنس سے تیار کردہ تصویر کو سینئر آئی اے ایس عہدیدار سمیتا سبھروال کی جانب سے پوسٹ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ سائبر آباد پولیس نے فرضی تصویر ری ٹوئیٹ کرنے پر سمیتا سبھروال کو نوٹس جاری کی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ سمیتا سبھروال نے کس نیت سے یہ تصویر پوسٹ کی وہی جانتی ہے۔ انہیں چاہئے تھا کہ وہ عجلت کی بجائے مکمل معلومات حاصل کرتیں۔ اس سے قبل بھی سمیتا سبھروال کو یونیورسٹی سے نوٹس جاری کی گئی تھی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ سینئر آئی اے ایس عہدیدار نے فرضی تصویر کی حقیقت جانے بغیر ہی اسے پوسٹ کردیا۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ اس معاملہ میں حکومت قانون کے مطابق کام کرے گی۔ مرکزی وزیر کشن ریڈی نے سمیتا سبھروال کو پولیس کی جانب سے نوٹس کی مذمت کی ہے۔1