بھٹی وکرامارکا سے ملاقات، ریاست کی آمدنی میں اضافہ پر توجہ
حیدرآباد 13 مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سینئر آئی اے ایس عہدیدار سندیپ کمار سلطانیہ کو محکمہ فینانس کا پرنسپل فینانس سکریٹری مقرر کیا ہے۔ کے رام کرشنا راؤ کو چیف سکریٹری مقرر کئے جانے کے بعد اُنھوں نے اِس ذمہ داری سے سبکدوشی اختیار کرلی تھی۔ رام کرشنا راؤ تقریباً 10 برسوں سے زائد تک محکمہ فینانس کے پرنسپل سکریٹری اور اسپیشل چیف سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں اور بجٹ کی تیاری میں اُن کا اہم رول رہا۔ شانتی کماری کی وظیفہ پر سبکدوشی کے بعد حکومت نے انھیں چیف سکریٹری مقرر کیا ہے۔ اِسی دوران سندیپ کمار سلطانیہ نے ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر فینانس بھٹی وکرامارکا سے ملاقات کی۔ بھٹی وکرامارکا نے سندیپ کمار سلطانیہ کو نئے عہدہ کی مبارکباد پیش کی اور ریاست میں محکمہ فینانس کی کارکردگی بہتر بنانے پر بات چیت کی۔ 1998ء بیاچ سے تعلق رکھنے والے سندیپ کمار سلطانیہ کا تعلق بہار سے ہے۔ اُنھوں نے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے طور پر اکاؤنٹینسی کے شعبہ میں گرائجویشن کیا ہے۔ وہ تلنگانہ حکومت میں دیہی ترقی اور پنچایت راج محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اُنھیں کچھ عرصہ کے لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا سکریٹری مقرر کیا گیا تھا۔ فینانس، ٹرانسپورٹ، پنچایت راج اور دیگر محکمہ جات میں اہم ذمہ داریوں کے پیش نظر حکومت نے اُن کے تجربہ کو محکمہ فینانس میں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت سرکاری محکمہ جات کی آمدنی میں اضافہ پر توجہ مرکوز کرچکی ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے نئے پرنسپل فینانس سکریٹری کو فلاحی اسکیمات پر بجٹ کی اجرائی اور ریاست کی آمدنی میں اضافہ کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا۔1