سواستک اور اشونی سرفہرست 20 کھلاڑیوں میں شامل

   


نئی دہلی : ہندوستان کے مکسڈ ڈبلز جوڑی کے کھلاڑی ستوک سائی راج اور اشونی پونپا جنہوں نے حالیہ منعقدہ ٹورنمنٹ میں بہترین مظاہرے کئے ہیں، جس کی بدولت عالمی درجہ بندی میں انہیں ترقی ملی ہے۔ بی ڈبلیو ایف کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین درجہ بندی میں مذکورہ کھلاڑیوں میں سرفہرست 20 کھلاڑیوں نے جگہ بنا لی ہے۔ ستوک اور اشونی جنہوں نے پہلے مرحلہ کے مقابلہ میں پیچھے رہنے کے باوجود کامیابی حاصل کرتے ہوئے ورلڈ ٹور سوپر 1000 ایونٹ کے سیمی فائنلس تک رسائی حاصل کی تھی، جس کی بدولت انہیں 16 مقامات کی ترقی ملی ہے اور اب وہ دنیا کی 19 ویں بہترین جوڑی ہے۔ مذکورہ کھلاڑیوں نے تھائی لینڈ میں منعقدہ ٹورنمنٹ میں پانچویں درجہ کی ملیشیائی جوڑی شان پن اور گوہ لیو انگ کو کوارٹر فائنل میں حیران کن شکست دی تھی۔ مرد زمرہ کی درجہ بندی میں ستوک اور شیٹی بدستور اپنے دسویں مقام پر موجود ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں عالمی چمپئن پی وی سندھو اپنا ساتواں مقام برقرار رکھنے میں کامیاب ہیں جبکہ سائنا نہوال کو ایک مقام کی ترقی ہوئی ہے اور اب وہ 19 ویں مقام پر پہنچ چکے ہیں۔ مرد زمرہ کے سنگلس میں کڈمبی سریکانت ایک مقام کی ترقی کے بعد تیرہویں مقام پر پہنچ چکے ہیں جبکہ سمیر ورما نے چار مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے ستائیسواں مقام حاصل کرلیا ہے۔