سوامی کی 71 افراد کے ساتھ گیان واپی مسجد میں پوجا کرنے کی کوشش، پولیس نے مٹھ میں نظر بند کردیا

   

وارانسی: گیان واپی مسجد میں پوجا کرنے کا اعلان کرنے والے شنکراچاریہ سوروپانند سرسوتی کے شاگرد اوی مکتیشورانند کو پولیس نے ان کے مٹھ میں نظر بند کر دیا ہے۔ سوامی کا اعلان تھا کہ گیان واپی مسجد میں کئے گئے سروے کے دوران جس مقام سے مبینہ شیولنگ برآمد ہوا ہے وہ وہاں پر 71 افراد کے ہمراہ پوجا کرنے کے لئے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس اعلان کے پیش نظر مٹھ کے باہر بھاری تعداد میں پولیس فورس کی تعیناتی کی گئی۔ سوامی اوی مکتیشورانند نے مٹھ سے پوجا کے لئے نکلنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے انہیں باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی۔ پولیس نے مٹھ کو چاروں اطراف سے اپنے حصار میں لے لیا۔ اوی مکتیشورانند نے کہا کہ انہوں نے واٹس ایپ پر اجازت کے لیے پولس کمشنر کو خط بھیجا ہے اور اس حوالے سے انہیں تحریری جواب درکار ہے۔ دریں اثنا، سوامی نے انشن بھی شروع کر دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ وہ گیان واپی مسجد میں پوجا کرنے تک کھانا نہیں کھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جس ملک میں کروڑوں ہندو بھکت ہوں، کیا اس ملک میں بھگوان بھوکا رکھا جائے گا؟اس سے قبل انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ جہاں سنت پوجا کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں اس مقام کو عدالت کے حکم پر سیل کیا گیا ہے۔ لہذا وہاں پوجا کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی نے انتظامیہ کے احکامات پر عمل نہیں کیا تو اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔