سابرمتی آشرم کی بحالی کا تنازعہ
نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو مہاتما گاندھی کے پڑپوتے تشار گاندھی کی درخواست کو مسترد کر دیا جس میں احمد آباد میں سابرمتی آشرم اور آس پاس کے علاقوں کی تزئین و آرائش کے گجرات حکومت کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔ جسٹس ایم ایم سندریش اور راجیش بندل کی بنچ نے گجرات ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف دائر درخواست کو خارج کر دیا جس نے اس معاملے میں عرضی پر غور کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ گجرات حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس پروجیکٹ کے تحت جس کی لاگت 1200 کروڑ روپے ہے ، موجودہ آشرم کو نہ تو خراب کیا جائے گا اور نہ ہی اس میں کوئی تبدیلی کی جائے گی۔ ستمبر 2022 میں درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے محسوس کیا کہ مجوزہ پروجیکٹ مہاتما گاندھی کے نظریات اور فلسفے کو فروغ دے گا اور یہ بڑے پیمانے پر بنی نوع انسان کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ بحالی کے بعد گاندھی آشرم ہر عمر کے لوگوں کے لیے سیکھنے کی جگہ ہو گا۔ عرضی میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ آشرم کو عالمی معیار کا میوزیم اور سیاحتی مقام بنانے کے لیے اسے دوبارہ ڈیزائن کرنے اور اسے دوبارہ تیار کرنے کا فیصلہ مہاتما گاندھی کی ذاتی خواہشات (30 ستمبر 1933 کو ان کی تحریری ہدایات )کے بالکل خلاف ہے ۔ درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ پروجیکٹ سابرمتی آشرم کی جسمانی ساخت کو بدل دے گا اور اس کی قدیم سادگی کو تباہ کر دے گا، جس نے گاندھی جی کے نظریے کو مجسم کیا تھا۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے کے نفاذ سے آشرم گاندھیائی اقدار سے محروم ہو سکتا ہے ۔ گجرات حکومت نے عدالت کو بتایا کہ مہاتما گاندھی کا آشرم صرف پانچ ایکڑ کے رقبے پر محیط ہے ، لیکن آشرم کی اصل زمین 300 ایکڑ ہے۔
پانچ ایکڑ اراضی کو ہاتھ نہ لگایا جائے ، لیکن جو عمارتیں خستہ حال ہیں ان میں سے صرف دو تہائی کو دوبارہ تعمیر کیا جائے ۔ عرضی گزار نے استدلال کیا تھا کہ ری ڈیولپمنٹ کا کام ٹرسٹوں کے دائرہ اختیار میں ہونا چاہئے جن میں نیشنل گاندھی میموریل ندھی، سابرمتی آشرم پریزرویشن اینڈ میموریل ٹرسٹ، کھادی گراموادیوگ پریوگ سمیتی، ہریجن آشرم ٹرسٹ، سابرمتی آشرم گوشالہ ٹرسٹ، ہریجن سیوک سنگھ اور اس معاملے میں ان کا جواب ریکارڈ کیا جانا چاہئے ۔