نئی دہلی ۔یکم ؍ اکتوبر( ایجنسیز )سپریم کورٹ نے 2008 کے احمد آباد سلسلہ وار بم دھماکوں کے معاملے میں سزائے موت پانے والے احمد باوا ابو ابوبکر بریلوی کی پھانسی کی سزا پر روک لگا دی۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے گجرات حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس معاملے میں جواب طلب کیا ہے۔جسٹس وکرم ناتھ، جسٹس سندیپ مہتا اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح کی بنچ نے گجرات ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی بریلوی کی عرضی پر سماعت کے دوران یہ حکم دیا۔جولائی 2026 میں گجرات ہائی کورٹ نے نچلی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ملزمین کی اپیلیں خارج کر دی تھیں۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں دھماکوں میں ہلاک ہونے والے 56 افراد کے اہل خانہ کو 10‘10 لاکھ روپے کا حکم بھی دیا تھا۔ طویل قانونی کارروائی کے بعد 2022 میں نچلی عدالت نے 38 قصورواروں کو سزائے موت اور 11 قصورواروں کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
اس کے بعد تمام قصورواروں نے نچلی عدالت کے فیصلے کو گجرات ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ دوسری جانب ریاستی حکومت نے بھی ہائی کورٹ میں عرضی دائر کرکے مطالبہ کیا تھا کہ جن افراد کو عمر قید کی سزا دی گئی ہے، انہیں بھی سزائے موت دی جائے۔26 جولائی 2008 کو احمد آباد شہر صرف 70 منٹ کے اندر ایک کے بعد ایک ہونے والے 22 سلسلہ وار بم دھماکوں سے دہل اٹھا تھا۔ ان دھماکوں میں 56 افراد ہلاک اور 200 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے تھے۔تفتیش کے دوران انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے ملک کے مختلف حصوں سے 50 سے زیادہ ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ ان میں مدھیہ پردیش کے اجین سے تعلق رکھنے والے پانچ ملزمین بھی شامل تھے۔