’’گولڈن آور‘‘ کے اندر اسپتال منتقل کرنا انتہائی اہم ،پولیس کمانڈ کنٹرول روم میں شعور بیداری پروگرام سے کمشنر کا خطاب
نظام آباد۔7 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) پولیس کمشنرنظام آباد پی سائی چیتنیا نے کہا کہ سڑک حادثات میں زخمی افراد کو حادثہ کے فوری بعد ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ’’گولڈن آور‘‘ کے اندر اسپتال منتقل کرنا قیمتی جانیں بچانے میں انتہائی اہم ہے، جس کے لیے پولیس، فائر سروس، 108 ایمبولینس اور اسپتالوں کے درمیان مؤثر تال میل ناگزیر ہے۔ نظام آباد پولیس کے تعاون سے سیو لائف فاؤنڈیشن اور ورٹیس فاؤنڈیشن نئی دہلی کے زیر اہتمام پولیس کمانڈ کنٹرول ہال میں سڑک حادثات کے متاثرین کو فوری امداد اور مختلف ہنگامی خدمات کے درمیان تال میل کے موضوع پر شعور بیداری و رابطہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر پولیس کمشنر نے کہا کہ حادثہ کے بعد ہر لمحہ قیمتی ہوتا ہے، اس لیے شدید زخمیوں کو فوری ابتدائی طبی امداد، ایمبولینس کی دستیابی اور ضرورت پڑنے پر فائر سروس کی مدد سے گاڑیوں میں پھنسے افراد کو بحفاظت باہر نکالنے کے بعد بلا تاخیر اسپتال منتقل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر ٹریفک کو قابو میں رکھنے، متاثرین کی مدد کرنے اور 108 و دیگر ایمبولینس خدمات کو فوری اطلاع دینے کے اقدامات کئے جائیں۔ فائر سروس عملہ بھی حادثات میں گاڑیوں میں پھنسے زخمیوں کو نکالنے کے لیے فوری ردعمل ظاہر کرے، جبکہ 108 ایمبولینس عملہ موقع پر ضروری ہنگامی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے زخمیوں کو جلد از جلد اسپتال منتقل کرے۔ پولیس کمشنر نے اسپتال انتظامیہ اور طبی عملہ کو بھی سڑک حادثات کے متاثرین کے لیے ہنگامی علاج کی تمام ضروری سہولتوں کے ساتھ تیار رہنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ کے مقام تک ایمبولینس پہنچنے، زخمی کو گاڑی سے نکالنے اور اسپتال منتقل کرنے میں صرف ہونے والے وقت کا مسلسل جائزہ لیتے ہوئے جہاں ضرورت ہو وہاں تال میل کے نظام کو مزید مستحکم کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ’’ہر منٹ ایک جان بچا سکتا ہے‘‘ اور گولڈن آور کے دوران مناسب طبی امداد ملنے سے شدید زخمی شخص کی جان بچنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اس لیے کسی بھی مرحلہ پر غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سڑک حادثات میں اموات کی شرح کم کرنے کے لیے ’’فوری ردعمل، بروقت طبی امداد، مربوط منتقلی اور زندگی کا تحفظ‘‘ کے اصول کے تحت تمام ہنگامی خدمات کے محکموں کو متحدہ طور پر کام کرنا ہوگا۔ نظام آباد کمشنریٹ کے حدود میں حادثات کے متاثرین کو فوری امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ گولڈن آور سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے قیمتی جانیں بچانے کے لیے متعلقہ محکمہ جات کے درمیان تال میل کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ پروگرام میں ایڈیشنل ڈی سی پی (ایڈمن) این شبھم پرکاش، ٹریفک اے سی پی مستن علی، سیو لائف فاؤنڈیشن کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر مہیش، سی ای او پیوش تیواری، منیجر نور کیتھر پال، سی او پی ایلیانا، ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر ملیکارجن، سی او سی ڈاکٹر پشپندر کوشک، ڈی ٹی او رمیش راٹھور، ڈی ایف او پرمیشور، 108 ڈائریکٹر ڈاکٹر سواراج، ڈی ایم اینڈ ایچ او دفتر سے وابستہ ڈاکٹر سید اجمل اور ڈاکٹر سندیپ، آئی ریڈ منیجر ورش اور دیگر عہدیداران و عملہ نے شرکت کی۔