سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر توجہ ضروری، سنگاریڈی میں جائزہ اجلاس سے ضلع کلکٹر کا خطاب
سنگاریڈی۔ 28 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پرتیک جین ضلع کلکٹر پرتیک جین نے کہا ہے کہ سنگاریڈی ضلع میں سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کے ساتھ کام کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ حادثات کا باعث بننے والے مقامات (بلیک اسپاٹس) کی فوری نشاندہی کر کے وہاں مستقل حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے سنگا ریڈی کلکٹریٹ کے گریوینس ہال میں منعقدہ ضلع روڈ سیفٹی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کلکٹر نے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلع میں پیش آنے والے سڑک حادثات کی وجوہات پر تفصیلی غور کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ کلکٹر نے کہا کہ سڑکوں کے کناروں کی صفائی کی جائیں، گڑھوں اور خراب سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے، ضرورت کے مطابق بیریکیڈس نصب کیے جائیں اور اہم چوراہوں پر لائٹس لگا کر رات کے وقت مناسب روشنی کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے حادثات کے شکار مقامات پر رمبل اسٹرپس، انتباہی بورڈز اور ریفلیکٹو سائن ایجز نصب کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ گاڑیوں کی رفتار پر مؤثر کنٹرول رکھا جا سکے۔انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ ٹراما کیئر مراکز، سرکاری اسپتالوں، ایمبولینس خدمات اور طبی سہولیات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ حادثات میں زخمی ہونے والوں کو بروقت علاج فراہم کیا جا سکے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی چیتنیہ ریڈی، آر اینڈ بی، محکمہ صحت، میونسپل، پنچایت راج، ٹرانسپورٹ، آر ٹی سی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی سمیت مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔