سکندرآباد ریلوے اسٹیشن اور چرلہ پلی ٹرمینل کے ترقیاتی کاموں کی عنقریب تکمیل: کشن ریڈی

   

وزیر اعظم نریندر مودی افتتاح کریں گے، نامپلی ریلوے اسٹیشن کیلئے ترقیاتی پراجکٹ، حیدرآباد تا یادادری ایم ایم ٹی ایس
حیدرآباد۔/20 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے کہا کہ اندرون ایک ماہ چرلہ پلی میں ریلوے ٹرمینل کی تعمیر کا کام مکمل ہوجائے گا اور یہ ٹرمینل عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ کشن ریڈی نے آج چرلہ پلی ٹرمینل کے کاموں کا عہدیداروں کے ساتھ معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 430 کروڑ کے مصارف سے عصری سہولتوں سے آراستہ ٹرمینل تعمیر کیا جارہا ہے اس ٹرمینل میں عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی عنقریب ٹرمینل کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چرلہ پلی سے حیدرآباد تک سڑک مربوط کرنے کے کام میں تیزی پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کو جنگی خطوط پر سڑک کی تعمیر کا کام انجام دینا چاہیئے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ وندے بھارت ٹرینوں میں عنقریب سلیپر کوچ کا آغاز کیا جائے گا۔ حیدرآباد سے چلنے والی وندے بھارت ٹرینوں میں سلیپر کوچ متعارف کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ریلویز کے تین بڑے ٹرمینلس موجود ہیں۔ حیدرآباد سے یادادری تک ایم ایم ٹی ایس ٹرین کو توسیع دی جائے گی۔ کشن ریڈی نے کہا کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو عصری سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا اور ریلوے اسٹیشن کے ترقیاتی کام ڈسمبر 2025 تک مکمل کرلئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جنوبی ہند کے انتہائی عصری سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو عنقریب قوم کے نام معنون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امرت اسکیم کے تحت ریلوے اسٹیشنوں کو ترقی دینے کا کام شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی ترقی پر 715 کروڑ خرچ کئے جائیں گے جبکہ نامپلی ریلوے اسٹیشن کی ترقی کیلئے 429 کروڑ سے انفرااسٹرکچر کی فراہمی کے کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 521 کروڑ سے قاضی پیٹ میں ریلوے مینوفیکچرنگ یونٹ کے کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یادادری جانے والے یاتریوں کی سہولت کیلئے ایم ایم ٹی ایس ٹرین سرویس کو توسیع دینے کا منصوبہ ہے اور اس سلسلہ میں کاموں کا جلد آغاز ہوگا۔1