’سگنل اسکینڈل‘ کے بعد ہلاری نے بھی ٹرمپ کا مضحکہ اڑایا

   

واشنگٹن: سابق امریکی وزیرِ خارجہ ہلاری کلنٹن نے دی اٹلانٹک میگزین کے گرد گھومنے والے اسکینڈل کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کا مذاق اڑایا۔ میگزین کے ایڈیٹر ان چیف کو سگنل ایپ کے ایک خفیہ چیٹ گروپ میں شامل کیا گیا جس میں یمن میں حوثیوں پر حملہ کرنے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ کلنٹن نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ آپ مجھ سے مذاق کر رہے ہیں!برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق انہوں نے اس پوسٹ میں حیرت سے پھیلی ہوئی آنکھوں والے ایک ایموجی کے ساتھ اس واقعے کا براہِ راست مذاق اڑایا۔پیر کے روز دی اٹلانٹک کے چیف ایڈیٹر جیفری گولڈ برگ نے انکشاف کیا کہ انہیں غلطی سے ایک خفیہ سگنل چیٹ گروپ میں ٹرمپ انتظامیہ کے سینئر عہدیداروں کے ساتھ شامل کر دیا گیا جو یمن میں حوثیوں پر حملے کے خفیہ فوجی منصوبوں پر بات کر رہے تھے۔اخبار نے مزید کہا کہ یہ گروپ قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز نے بنایا تھا اور اس میں وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ اور نائب صدر جے ڈی وینس شامل تھے۔ انہوں نے پیغامات کو خود بخود حذف کر دینے والے سگنل پلیٹ فارم کا استعمال کیا جس سے صدارتی ریکارڈ ایکٹ کی خلاف ورزی کے بارے میں خدشات پیدا ہوتے ہیں۔یہ واقعہ کافی اہمیت کا حامل ہے۔
کیونکہ یہ ازخود ہیلری کلنٹن کے خلاف ٹرمپ کی مہم کے نو سال بعد سامنے آیا ہے جن پر وزیرِ خارجہ کے عہدے کے دوران نجی ای میل سرور استعمال کرنے کا الزام تھا۔ اور اس حقیقت سے ٹرمپ نے اپنی 2016 کی مہم کے دوران سیاسی طور پر فائدہ اٹھایا۔