سی بی آئی جج کو دھمکی دینے والا وکیل گرفتار

   

آسنسول : آسنسول کی عدالت کے وکیل سدیپتیا رائے کو مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کے جج راجیش چکرورتی کو دھمکی آمیز خط لکھنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے ۔ یہ جج ریاست کی حکمراں ترنمول کانگریس کے لیڈر انوبرت منڈل کے مغربی بنگال سے بنگلہ دیش تک مویشیوں کی غیر قانونی تجارت کے معاملے کی سماعت کر رہے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ ملزم وکیل کو پیر کو مغربی وردھمان میں آسنسول عدالت کے نزدیک سے گرفتار کیا گیا اور تھوڑی دیر بعد اسے اے سی جے ایم عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ آسنسول میں سی بی آئی جج راجیش چکرورتی کو مبینہ طور پر ایک خط موصول ہوا ہے جس میں دھمکی دی گئی ہے کہ اگر وہ ترنمول کانگریس کے ویربھوم ضلع کے صدر انورت منڈل کو جانوروں کی اسمگلنگ کیس میں ضمانت نہیں دیتے ہیں تو وہ ان کے خاندان کو منشیات کے معاملے میں پھنسادیں گے ۔ منڈل اس وقت دو ہفتوں کی عدالتی حراست میں ہے ۔