نئی دہلی :18 جون (ایجنسیز) نویں جماعت میں 2 ہندوستانی زبانوں سمیت کل 3 زبانیں پڑھانے کی ’سی بی ایس ای‘ کی نئی پالیسی پر فوری روک لگانے سے سپریم کورٹ نے انکار کر دیا ہے۔ عدالت کی ویکیشن بنچ نے نئی درخواست پر فوری مداخلت کرنے سے منع کر دیا۔ بنچ نے کہا کہ اسی معاملے کو لے کر داخل کی گئیں دیگر درخواستوں کو 14 جولائی کو سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔ کوئی بھی حکم تفصیلی سماعت کے بعد ہی جاری کیا جا سکتا ہے۔سپریم کورٹ نے ’فرینڈز آف پیپل فار ایکٹو ڈیموکریسی‘ نامی تنظیم کی طرف سے دائر اس درخواست کو بھی دیگر درخواستوں کے ساتھ سماعت کے لیے لگانے کی ہدایت دی ہے۔ اس سے قبل 27 مئی کو کورٹ نے سی بی ایس ای اور این سی ای آر ٹی سے معاملے پر تفصیلی جواب طلب کیا تھا۔ عدالت نے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایشوریا بھاٹی سے نئی پالیسی کو نافذ کرنے کی تیاریوں پر رپورٹ پیش کرنے کے لیے بھی کہا تھا۔