حیدرآباد ۔ 7۔ مئی (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں عوام کو نشانہ بنانے کی مذمت کی۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف کارروائی میں عوام کو نشانہ بنانے سے گریز کرنا چاہئے ۔ پہلگام میں دہشت گرد حملہ کے بعد دونوں ممالک میں جنگ جیسی صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر سے ہندوستانی علاقہ میں گزشتہ 12 دنوں سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس کا ہندوستانی فوج نے بھرپور جواب دیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستانی فوج کو کھلی چھوٹ دیدی جس کے بعد فوج نے پاکستانی علاقہ میں دہشت گردوں کے 9 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ۔ اطلاعات کے مطابق 90 سے زائد دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کو ملک کی عوام سیاسی پارٹیوں اور عوام کی تائید حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کے بارے میں بعض گوشوں سے شہری علاقوں کو نشانہ بنانے کی اطلاعات ملی ہیں۔ نارائنا نے کہا کہ پاکستانی شہریوں پر حملہ سے گریز کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی پاکستان کے ساتھ جنگ کی مخالف ہے ، تاہم دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی تائید کرتی ہے۔ دہشت گردوں کے نام پر عوام کو نشانہ بنانے سے گریز کرنا چاہئے اور حملہ صرف دہشت گرد ٹھکانوں تک محدود رہے۔ 1