ایس سدھاکر ریڈی اور دیگر سینئر قائدین کو تہنیت، عوامی جدوجہد میں سی پی آئی کے رول پر تقاریر
حیدرآباد ۔26 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے 98 ویں یوم تاسیس کے موقع پر حیدرآباد میں آج تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ حمایت نگر کے ست نارائن ریڈی بھون سے مخدوم بھون تک سی پی آئی کارکنوں نے سرخ پرچموں کے ساتھ ریالی منظم کی۔ سی پی آئی کے سابق قومی جنرل سکریٹری اور سینئر قائد ایس سدھاکر ریڈی نے پرچم کشائی انجام دی ۔ اس موقع پر سی پی آئی کی اہمیت اور ضرورت کے موضوع پر سدھاکر ریڈی اور پروفیسر کے ناگیشور راؤ نے خطاب کیا۔ سینئر قائدین کو پارٹی کے یوم تاسیس پر تہنیت پیش کی گئی جن میں سدھاکر ریڈی ، ناگیشور راؤ ، پرتاپ ریڈی ، کرشنا مورتی ، آئی ایس راجو ، بی ایس رامچندر ، سی ایچ وینکٹیشور راؤ اوردوسرے شامل ہیں۔ یوم تاسیس تقریب میں سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ ، ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ اور ریاستی سکریٹریٹ کے رکن ای ٹی نرسمہا نے شرکت کی۔ ایس سدھاکر ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پی آئی نے عوامی جدوجہد کے ذریعہ فاشزم کو شکست دی ہے۔ سی پی آئی نے عوامی مسائل پر ملک میں کئی تحریکات منظم کیں۔ جمہوری اور سیکولر طاقتوں کے اتحاد کیلئے سی پی آئی اور سی پی ایم نے ہمیشہ مساعی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی عوام کو مسائل کا سامنا ہوا سی پی آئی نئے جدوجہد کا آغاز کیا۔ کئی مسائل کے حل میں کمیونسٹ پارٹیوں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ر