سیاست ٹی وی پر کل ’’حیدرآبادی ستارے‘‘ شو

   


بالی ووڈ کے نامور کامیڈین جانی لیور سے خصوصی انٹرویو
حیدرآباد۔ 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) سیاست ٹی وی پر ٹیلی کاسٹ کیا جانے والا ہفتہ واری خصوصی پروگرام ’’حیدرآبادی ستارے‘‘ سرزمین دکن کے علاوہ بالی ووڈ کے نامور اداکاروں کے انٹرویوز کے باعث مقبولیت کی بلندی پر پہنچ چکا ہے اور دو سال کے عرصہ میں 100 سے زائد ایپی سوڈ ٹیلی کاسٹ کئے جاچکے ہیں۔ شائقین ہر اتوار کو ٹیلی کاسٹ کئے جانے والے اس پروگرام کا بے چینی سے انتظار کرتے ہیں اور وہ سیاست ٹی وی کے علاوہ بیرونی ممالک کے ناظرین یوٹیوب چیانل اور سیاست فیس بک اکاؤنٹ کے ذریعہ اس شو کا مشاہدہ کرتے ہیں چنانچہ نئے سال کی آمد کے موقع پر یکم جنوری اتوار رات 9:30 بجے بالی ووڈ کے نامور کامیڈین و اداکار جانی لیور کا انٹرویو پیش کیا جارہا ہے ۔جانی لیور نے 1975ء میں اسٹیج کی دنیا سے اپنے کامیڈی ایٹمس کے ذریعہ کیریئر کا آغاز کیا، پھر بالی ووڈ میں کامیڈی کے مختلف کردار ادا کرتے ہوئے اپنی علیحدہ شناخت قائم کی ، لیکن فلم ’’بازیگر‘‘ کے کیرکٹر کے ذریعہ انہیں انڈسٹری میں ایک منفرد پہچان ملی۔ 90 ء کے دہے میں بالی ووڈ کی ہر فلم میں جانی لیور کا ہونا لازمی قرار دیا جاتا تھا۔ ڈھیر ساری فلموں میں اپنی انمول اداکاری کے ذریعہ شائقین کے وہ پسندیدہ کامیڈین بن گئے۔خصوصی انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنی زندگی سے متعلق اور بالی ووڈ سے جڑی باتیں شیئر کیں اور کامیڈی کے شاہکار ایٹمس بھی سنائے۔ شو کے اینکر کے بی جانی، ڈائریکٹر زاہد فاروقی اور جناب عامر علی خاں پروڈیوسر سی ای او ہیں۔ دوبارہ یہ پروگرام پیر 9 بجے صبح اور جمعرات دوپہر 3 بجے سیاست ٹی وی پر ٹیلی کاسٹ ہوگا۔