سیل فون پر زندگی برباد نہ کریں ، پوری توجہ تعلیم پر دیں

   

محکمہ پولیس کورٹلہ کے زیر اہتمام یوم عالمی خواتین کے موقع پر ضلع ایس پی اے بھاسکر کا خطاب

کورٹلہ /8 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) یوم عالمی خواتین کے موقع پر محکمہ پولیس کورٹلہ کے زیر اہتمام ایم پروین سرکل انسپکٹر آف پولیس کورٹلہ کی صدارت میں بمقام کٹکم سنگگیا فنکشن ہال کورٹلہ یوم عالمی خواتین تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس تقریب سے مخاطب کرتے ہوئے ایس پی جگتیال اے بھاسکر نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ سیل فون کا استعمال کرتے ہوئے اپنی زندگی کو برباد نہ کریں ۔ بلکہ اپنی ساری توجہ تعلیم پرمرکوز کرتے ہوئے امتیازی کامیابی حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ طالبات جو آج اپنے باپ کے نام سے پہچانی جارہی ہیں ۔ اگر وہ اعلی عہدوں پر فائز ہوتی ہیں تو کل ان کے ماں باپ ان کے نام سے جانے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں انسانی نسل کو پروان چڑھانے میں خواتین کا اہم کردار ہوتا ہے ۔ شریمتی انم لاونیا چیرپرسن مجلس بلدیہ کورٹلہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی ہمت افزائی اور خواتین کو ریزرویشن کی فراہمی کے سبب آج وہ چیرپرسن مجلس بلدیہ کورٹلہ کے جلیل القدر عہدہ پر فائز ہیں ۔ اس موقع پر کورٹلہ کے مختلف کالجس کی طالبات کو انعامات سے نوازا گیا ۔ اس تقریب میں جگتیال اسپیشل برانچ راج شیکھر راجو کرائم برانچ سی آئی ناگیشور راو سب انسپکٹر آف پولیس ستیش ، سدھیر راٰ کے مختلف کالجس کے کرسپانڈنٹس محکمہ پولیس کے عہدیداروں کے علاوہ طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر اے بھاسکر ایس پی جگیتال کی کورٹلہ آمد پر محکمہ پولیس کورٹلہ کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا اور ان کی بکثرت شالپوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی گئی ۔