سینیگال کے ساحل پر ایک ہی کشتی سے 30 نعشیں برآمد

   

ڈاکار: سینیگال کی بحریہ نے دارالحکومت ڈاکار کے ساحل سے تقریباً 70 کلومیٹر دور ایک کشتی سے کم از کم 30 نعشیں برآمد کی ہیں۔ اس علاقہ سے مہاجرین اکثر کشتیوں کے ذریعہ یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔سینیگال کی فوج نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ان ہلاکتوں کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ فی الحال یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہیکہ کشتی کہاں سے آئی اور ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق کس ملک سے ہے؟سینیگال کی ساحلی پٹی پر اکثر ایسے سانحات پیش آتے رہتے ہیں کیونکہ اسی علاقہ سے کشتیوں کے ذریعے یورپ پہنچنے کی کوششیں کی جاتی ہیں۔جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ اتوار کو دیر گئے اس واقعہ کے بارے میں اطلاع ملی تھی، جس کے بعد بحریہ نے مچھیروں کی لکڑی سے بنی ہوئی ایک کشتی کو اپنے قبضے میں لیتے ہوئے پیر کی صبح مقامی وقت کے مطابق صبح چھ بجے ڈاکار کی بندرگاہ تک پہنچایا۔