شادی سے چند گھنٹے قبل دولہے کا باپ کے ہاتھوں قتل

   

نئی دہلی : جنوبی دہلی میں ایک نوجوان کو شادی سے چند گھنٹے قبل انتہائی بے دردی سے قتل کردیا ، جس کی شناخت 29سالہ جم ٹرینر گورو سنگھل کی حیثیت سے ہوئی ہے ۔ دہلی پولیس نے قتل کے اس معاملہ میں مقتول کے والد کو حراست میں لے لیا ہے ۔ متوفی گورو سنگھل کے والد نے پولیس پوچھ تاچھ کے دوران قتل کا اعتراف کرلیا ہے ۔ دہلی پولیس کے مطابق سنگھل کو قتل کرنے والا باپ تھا ۔ ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ اسے 15 بار چاقو مارا گیا ۔ اس کا باپ قتل کے بعد لاپتہ تھا ۔تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ باپ بیٹے کے درمیان خوشگوار تعلقات نہیں تھے ۔ سنگھل کی شادی جمعرات 7 مارچ کو ہونے والی تھی ۔ ملزم نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ اسے اپنے بیٹے کے قتل کا کوئی پچھتاوا نہیں ہے ، اسے یہ کام پہلے کرلینا چاہیئے تھا ۔ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا کہ گورو کے اپنے والد کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں تھے ۔ گورو کے والد اس پر شادی کیلئے دباؤ ڈال رہے تھے لیکن وہ کسی اور سے شادی کرنا چاہتا تھا ۔ گورو کے والد کو یہ رشتہ منظور نہیں تھا ۔