شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ریسرچ اسکالر،طلبا سمینار کا انعقاد

   

نئی دہلی: شعبۂ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے زیر اہتمام یک روزہ ریسرچ اسکالر،طلبا سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سمینار میں شعبۂ اردوکے اسکالرز اور طلبا و طالبات نے مقالات پیش کیے ۔صدارتی خطاب میں صدر شعبہ پروفیسر احمد محفوظ نے دلی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسکالر اور طلبہ و طالبات نے ، اچھے مقالات پیش کیے ۔ پروفیسر احمد محٖفوظ نے مزید کہا کہ اس طرح کے سمینار کا مقصد طلبا کی تربیت ہے ۔انہوں نے تحقیق و تنقید کے بعض اہم نکات کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ کسی بھی موضوع پر لکھنے سے قبل اس کی بنیادی کتابوں کا مطالعہ کرنا از حد ضروری ہے ۔انھوں نے اصل متن کی قرأت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلبا کا مطالعہ عموما محدود ہوتا ہے ، اس لیے اصل متن کو نہ صرف پڑھیں بلکہ اس پر تنقیدی نگاہ بھی رکھیں۔سمینار کے کنوینر اور صدر اجلاس پروفیسر کوثر مظہری نے طلباکی ہمت افزائی کی اور کہا کہ اس طرح کے سمینار کا مقصد طلبا کی پوشیدہ ادبی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ان کی تربیت بھی ہے ۔ اس کے علاوہ انھوں نے ریسرچ اسکالر اور طلبا کو اس کی بھی ہدایت کی کہ ریسرچ کے دوران انھیں اپنے خیالات میں معروضیت پیدا کرنی چاہیے ۔