شمس آباد ائرپورٹ کو توانائی کے تحفظ کا گولڈ ایوارڈ

,

   

حیدرآباد۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائرپورٹ کو تلنگانہ تلنگانہ اسٹیٹ انرجی کنزرویشن ایوارڈز 2020 میں باوقار گولڈ ایوارڈ حاصل ہوا ہے ۔ یہ ایوارڈ جی ایم آر حیدرآباد انٹرنیشنل ائرپورٹ کی جانب سے توانائی کے تحفظ کیلئے اقدامات پر دیا گیا ہے ۔ ائرپورٹ کے سینئر عہدیداروں نے ڈی پربھاکر راو سی ایم ڈی تلنگانہ ٹرانسکو و جینکو ‘ سندیپ کمار سلطانیہ سکریٹری پنچایت راج و شہری ترقیات کی جانب سے پیش کردہ یہ ایوارڈ حاصل کیا ۔ تلنگانہ اسٹیٹ قابل تجدید توانائی ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹیڈ کے سالانہ فورم میں ان کمپنیوں کی خدمات کا اعتراف کیا گیا جو بہترین طریقہ کار اور ٹکنالوجی استعمال کرتے ہوئے اپنے کام کاج کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ انعام کا فیصلہ کرنے والوں کی جانب سے دعویداروں کی کئی پہلووں سے جانچ کی گئی اور اس بات کا خاص طور پر نوٹ لیا گیا کہ انہوں نے اختراعی سوچ و فکر اختیار کی تھی ۔ سی ای او حیدرآباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پردیپ پانیکر نے کہا کہ یہ ایوارڈ اس بات کا عکاس ہے کہ جی ایم آر حیدرآباد ائرپورٹ توانائی کے موثر استعمال کا عزم رکھتا ہے اور وہ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے پر توجہ دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار سماجی تنظیم کی حیثیت سے ائرپورٹ توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عہد کا پابند ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کئی صنعتی پلیٹ فارمس پر ائرپورٹ کی جانب سے توانائی اور پانی کی بچت و تحفظ کے اقدامات کا اعتارف کیا گیا ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے نیا ایوارڈ ان سب میں خصوصیت کا حامل ہے ۔