شہر حیدرآباد کی ترقی ،سیلاب متاثرین کی امداد کاجائزہ

,

   

جی ایچ ایم سی انتخابات کا عاجلانہ انعقاد ، کابینی اجلاس ، چیف منسٹر کا خطاب

حیدرآباد ۔ چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے کابینہ کے اہم اجلاس کے دوران کسانوں سیلاب متاثرین اور مزید فنڈس کے ساتھ حیدرآباد کی ترقی کو یقینی بنانے جیسے چند کلیدی فیصلے کئے ہیں ۔ کابینی اجلاس کے بعد چندرا شیکھر راؤ نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ جی ایچ ایم سی انتخابات کے عاجلانہ انعقاد کو یقینی بنائیں اور انتخابات کو پرامن اور منصفانہ طریقہ سے منعقد کیا جائے ۔ انہوں نے ٹی آر ایس قائدین سے بھی کہا کہ وہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کیلئے تیار رہیں ۔ عوام کے مسائل کی یکسوئی میں دلچسپی لیں اور عوام سے رابطہ مضبوط کریں ۔ معیاری چاول کے حصول کیلئے کسانوں کی جانب سے شروع کردہ احتجاج اور اقل ترین امدادی قیمت کے مسئلہ پر عہدیداروں کو درپیش مسائل کا جائزہ بھی لیاگیا ۔ اس مسئلہ پر غور کرتے ہوئے کے سی آر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ معیاری چاول کیلئے اقل ترین امدادی قیمت میں اضافہ کریں اور کسانوں کو راحت پہونچائیں ۔ واضح رہے کہ انہوں نے مرکز کی جانب سے چاول پر مزید 150 روپئے کی حصولیابی کی مخالفت کے باوجود اس کی قیمت میں اضافہ کو منظوری دی ہے ۔ عام چاول کیلئے موجودہ اقل ترین امدادی قیمت تقریبا 1800روپئے فی کنٹل ہے ۔ انہوں نے حال ہی میں معیاری چاول کیلئے اقل ترین امدادی قیمت میں اضافہ کیا تھا ۔ انہوں نے اس سلسلے میں عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کی امداد کو یقینی بنائیں اور تمام فصلوں کو خریدا جائے ۔ کسانوں کو اچھی قیمت ادا کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے یہ بھی کہا کہ سیلاب متاثرین کی راحت کیلئے جنگی بنیادوں پر کام انجام دیں ۔ ڈبل بیڈروم اسکیم کو تیزی سے نافذ کیا جائے اور ریاست میں کورونا وباء کے پھیلاؤ پر کڑی نظر رکھیں ۔ حیدرآباد میں حالیہ بارش سے ہونے والی تباہی اور سڑکوں کو پہونچنے والے نقصانات ، نالوں اور تالابوں پر ناجائز قبضوں کو برخواست کرنے جیسے اہم مسائل پر بھی چیف منسٹر نے تبادلہ خیال کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شہر کے مختلف مقامات پر بارش کے باعث جمع ہونے والے کچرے اور ملبہ کو نکالتے ہوئے صاف صفائی کی جائے ۔ عوام کے مسائل کی یکسوئی پر اولین ترجیح دی جائے ۔